ڈان گروپ اپنے ادارے میں سروس سٹرکچر نافذ کرے اور ملازمین کو سالانہ بونس دے :نعیم حنیف
ڈان گروپ اپنے اشتہارات کیلئےتو چیخ و پکار کرتا ہے مگرانہیں بے روز گار کیے گئے ورکرز کے
گھروں کے ٹھنڈے چولہے اور ان کے بچوں کے آنسو نظر نہیں آتے:قمرالزمان بھٹی جنرل سیکرٹری
حکومت اشتہارات کو میڈیا انڈسٹری کی بازو مروڑنے کیلئےاستعمال نہ کرے: پی یوجے ایگزیکٹو کونسل
لاہور (نامہ نگار) پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے ڈان نیوز میں جاری چھانٹیوں اور مزید دو رپورٹرز کو نوکری سے نکالنے اور اس سال ڈان گروپ میں ورکرز کو سالانہ بونس نہ دینے اور ورکرز کے لئے سروس سٹرکچر نہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈان گروپ کے مالکان خود تو حکومت کی طرف سے سرکاری اشتہارات کی بندش پر چیخ و پکار کر رہے ہیں مگر اپنے اداروں سے ورکرز کو نوکریوں سے برطرف کرتے وقت ان ورکرز کے گھروں کے ٹھنڈے ہونے والے چولہے اور ان پریشان ورکرز کے بچوں کے آنسو نظر نہیں آتے ۔
پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ، شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت میڈیا انڈسٹری میں حکومت کی طرف سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اربوں روپے کے اشتہارات مل رہے ہیں مگر ان اشتہارات کا فائدہ نچلی سطح پر میڈیا ورکرز کو نہیں ہو رہا۔ ابھی بھی کئی اداروں میں بروقت تنخواہ ایشو ہے ۔
جبکہ کم سے کم تنخواہ کے حوالے سے بھی میڈیا مالکان 37 ہزار تنخواہ کی ادائیگی کو کافی سمجھتے ہیں حالانکہ میڈیا انڈسٹری میں کم سے کم تنخواہ کا قانون نیوز پیپرز ایمپائر ایکٹ اور ویج ایوارڈ کے تحت بنتا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے ڈان گروپ کے مالکان پر روز دیا کہ وہ اپنے ادارے میں کم سے کم تنخواہ سمیت تمام ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لئے سروس سٹرکچر کا اطلاق کریں ۔ کیونکہ یہاں یہ دیکھا جا رہا ہے کہ سروس سٹرکچر نہ ہونے سے کئی سینئر ملازمین پر جونئیر ملازمین کا راج قائم کردیا گیا ہے جس سے سینئر کی حق تلفی ہورہی ہے ۔
اسی طرح سروس سٹرکچر نہ ہونے سے کم سے کم تنخواہ کے قانون پر بھی صحیح معنوں میں عمل نہیں ہو رہا ۔ نعیم حنیف نے ڈان نیوز سے دو رپورٹر کو نوکری سے نکالنے کی بھی مذمت کی اور نہ صرف انہیں بلکہ ان سے قبل ڈی ایس این جی سٹاف کے نکالے گئے ملازمین کو بھی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے ڈان گروپ میں اس سال بونس نہ دینے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ۔
ان کا کہنا تھا ڈان گروپ اب بھی منافع میں ہے مگر اپنے اشتہارات کی معمولی سی بندش کو جواز بنا کر ورکرز کو ان کے جائز حق اور بونس سے محروم رکھنا سخت زیادتی ہے ۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے واضح کیا کہ اگر ڈان گروپ نے اپنے ملازمین کو نوکری پر بحال نہ کیا اور یہاں کوئی سروس سٹرکچر قائم نہ کیا۔بونس نہ دیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی اشتہارات کی پالیسی کو میڈیا انڈسٹری کا بازو مروڑنے کیلئےاستعمال نہ کرے اور ڈان گروپ کے اشتہارات بحال کیے جائیں ۔

