چمن میں ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق

چمن/کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)پاک-افغان سرحدی علاقے چمن میں ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چمن عبداللہ چیمہ کے مطابق دھماکا ایک گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوا۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور لیویز فورس سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ دھماکے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ آج ہی بلوچستان کے ضلع کیچ میں بھی قومی شاہراہ پر کنچتی دشت کے مقام پر بارودی مواد سے بھری گاڑی کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں