چھ سالہ ڈیریئس میکڈوگل کی تلاش: زندہ بچنے کے امکانات پانچ فیصد سے کم

البرٹا (نامہ نگار)چھ سالہ ڈیریئس میکڈوگل کی تلاش کے ساتویں روز ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ بچے کے زندہ بچنے کے امکانات پانچ فیصد سے بھی کم رہ گئے ہیں، تاہم تلاش کو کم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

آر سی ایم پی کی انفارمیشن آفیسر کارپل جینا سلے نی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یہ نتیجہ علاقے کی مشکل جغرافیائی صورتحال، سخت موسم، گزرے ہوئے وقت، بچے کی صحت اور کپڑوں سمیت کئی عوامل کو دیکھ کر اخذ کیا گیا ہے۔ خاندان کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے ہزاروں کیسز کے ڈیٹا کا تجزیہ کر کے ڈیریئس کی صورتحال کے ساتھ موازنہ کیا اور بقا کے امکانات کا تخمینہ لگایا۔ تلاش کے باوجود اب تک بچے کے لاپتہ ہونے میں کسی جرم یا مشکوک عمل کے شواہد نہیں ملے۔

ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ حکمتِ عملی ضرور بدلی جا رہی ہے لیکن اس کا مطلب وسائل میں کمی نہیں ہے۔ انفراریڈ ٹیکنالوجی کے بجائے اب کیمروں اور دوسرے طریقوں سے تلاش پر زور دیا جائے گا، جبکہ سرچ ڈاگز کے استعمال کا طریقہ بھی بدلا جائے گا۔

ڈیریئس اپنے خاندان کے ساتھ ہائی وے 3 کے جنوب میں لیونگ اسٹون پبلک لینڈ یوز زون میں کیمپنگ کے دوران لاپتہ ہوا۔ یہ علاقہ آئلینڈ لیک کیمپ گراؤنڈ اور پروونشل ریکریشن ایریا کے قریب ہے، جو کروزنیسٹ پاس اور سپارووڈ، بی سی کے درمیان واقع ہے۔

علاقہ انتہائی پہاڑی اور دشوار گزار ہے، جہاں دن کے وقت درجہ حرارت ٹینز اور رات کو سنگل ڈیجٹ میں رہتا ہے۔ تلاش میں اب بھی 200 سے زائد اہلکار مصروف ہیں، جن میں البرٹا، برٹش کولمبیا اور سسکیچیوان سے آئے 128 رضاکار شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں