چیئرمین سینیٹ و اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر مسلم لیگ (ن) کا اظہارِ تشویش

اسلام آباد(نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات زاہد خان نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں حالیہ اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

زاہد خان نے ایک بیان میں کہا کہ”ملک اس وقت سنگین معاشی بحران کا شکار ہے، جہاں ایک طرف عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، وہیں دوسری جانب اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کی تنخواہوں میں غیر معمولی اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے۔”

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لے اور عوامی مفاد کو ترجیح دے۔ ان کا کہنا تھا کہ”ایک طرف ملک آئی ایم ایف سے قرض حاصل کر رہا ہے، اور دوسری جانب مراعات یافتہ طبقات کو مزید مراعات دی جا رہی ہیں، جو کہ معاشرتی انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔”

زاہد خان نے اس بات پر بھی توجہ دلائی کہ اس سے قبل اراکینِ پارلیمنٹ اور ججز کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جا چکا ہے جو ایک غیر متوازن ترجیح کو ظاہر کرتا ہے۔

یاد رہے کہ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے دو روز قبل جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہ 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی ہے اور اس کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہو گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس فیصلے پر نظرِ ثانی اور شفاف مشاورت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی وسائل کا استعمال منصفانہ انداز میں کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں