لاہوریوں کو بسنت کا ثقافتی تہوار لوٹانے پر وزیراعلی مریم نواز کا شکریہ، لیسکو نےصارفین سے
کیا ہوا وعدہ پورا کرتے ہوئے بسنت کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی
رمضان کے دوران سحروافطار میں بھی بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی:سی ای او لیسکو
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کو چودھویں بار صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، بجلی کی فراہمی، صارفین کی سہولت اور ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں جنہوں نے لاہوریوں کو بسنت کا ثقافتی تحفہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ لیسکو نے اپنے صارفین سے کیا ہوا وعدہ پورا کرتے ہوئے بسنت کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی، اور اسی طرز پر رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئےتمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں بھی مستحکم اور مسلسل بجلی کی فراہمی کیلئےمؤثر اقدامات جاری ہیں۔

انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، بجلی چور قومی مجرم ہیں جنہیں قانون کا سامنا کرنا ہوگا، جبکہ بجلی چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے چیف ایگزیکٹو لیسکو کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور لیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف مہم اور بسنت کے دوران بلا تعطل بجلی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ لیسکو موجودہ قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور جدید اصلاحات، بہتر سروس اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے لیسکو کی قیادت کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو لیسکو نے پریس کلب اور صحافی کالونی کو درپیش مسائل سنے اور انہیں جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

