دبئی(نمائندہ خصوصی)آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2025 کے فائنل سے پہلے نیوزی لینڈ کو بری خبر مل گئی، اہم ترین کیوی فاسٹ باؤلر میٹ ہینری کی شمولیت غیر متوقع ہے۔
پاکستان میں میزبانی میں 29 سال بعد ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل آج دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائےگا۔
فائنل سے قبل، نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا لگا ہے، چیمپئنز ٹرافی کے تقریباً تمام میچز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہم کیوی باؤلر میٹ ہینری کی شمولیت فائنل میں غیر متوقع ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے جنوبی افریقہ کے خلاف سیمی فائنل کے دوران میٹ ہینری کیچ لینے کی کوشش کرتے ہوئے گرپڑے تھے جس کے بعد ان کے کندھے میں تکلیف ہوئی۔
یاد رہے کہ میٹ ہینری نے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں سب سے زیادہ 10 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جب کہ انہوں نے بھارت کے خلاف گروپ میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔کیوی منیجمنٹ کے مطابق میٹ ہینری کی فائنل میں شمولیت کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا ہے، تاہم کپتان مچل سینٹنر اپنے باؤلر کی میچ میں شمولت سے متعلق پراعتماد ہیں۔

