پی سی بی نے اہم ایونٹ کے موقع پر ” تجربہ” کی روایت برقرار رکھی
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلۓ نو تزئین شدہ قذافی سٹیڈیم تیار۔ویلڈن محسن نقوی
پاکستان کی میزبانی میں آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2025ء کرکٹ میلہ کا 19 فروری سے آغاذ ہو رہا ہے افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جاۓ گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بذریعہ پریس ریلیز قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے حالانکہ ٹیم کے اعلان سے ایک دو گھنٹہ قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس بھی ہوئی۔پی سی بی کے ” چالاک ” ذمہ داران نے جان بوجھ کر چیئرمین کی پریس کانفرنس پہلے رکھی اور ٹیم کا اعلان ایک دو گھنٹے بعد کیا تا کہ چیئرمین کو اعلان کردہ ٹیم کے حوالے سے تند وتیز سوالات سے بچایا جا سکے جس میں پی سی بی کے ذمہ داران کامیاب رہے۔قصہ مختصر ٹیم کے اعلان کے بعد تجزیہ نگاروں اور ناقدین کی طرف سے ردعمل آنا شروع ہو گیا۔مجموعی طور پر اعلان کردہ ٹیم کو مبینہ طور پر ” سفارشی ٹیم” قرار دیا گیاہے پی سی بی نے ہمیشہ کی طرح اہم ایونٹس کے موقع پر اس ٹائپ کی ٹیم کا اعلان کر کے ” تجربہ” کی روایت کو برقرار رکھا۔ ظاہر ہے اس میں ذاتی پسند نا پسند کا عنصر تو ہمیشہ رہا ذاتی خواہشات پر بھی کھلاڑیوں کا اعلان کوئی انہونی بات نہیں۔یہ تو ہر دور میں ایسا ہی چلتا رہے گا۔مقرر کردہ قومی کرکٹ سلیکٹرز اچھی ٹیم اور میرٹ پر ٹیم کے اعلان کا دعوی کرتے رہیں گے۔اب یہ سب باتیں سسٹم کا حصہ بن چکی ہیں شائقین کرکٹ کو اب کسی کو کوسنے کے بجاۓیہ سب بھول کر کھیل کو انجواۓ کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھنا ہو گی۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ۔
بلے باز: بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر
آل راؤنڈرز: فہیم اشرف ، خوشدل شاہ ، سلمان علی آغا (نائب کپتان )
وکٹ کیپر بلے باز: محمد رضوان (کپتان)، عثمان خان۔
اسپنر: ابرار احمد۔
فاسٹ بولرز: حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی
دوسری طرف جدید ترین نو تزئین شدہ قذافی اسٹیڈیم اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ مبینہ طور پر 100٪ تیار ہے۔عجلت میں اور پریشر میں اسٹیڈیم کی جس طرح آرائیش و تزئین کی گئی بلکہ قذافی اسٹیڈیم کی از سر نو تعمیر انتہائی قلیل مدت میں تکمیل پر محسن نقوی اینڈ کمپنی مبارکباد اور خراج تحسین کی مستحق ہے۔قذافی اسٹیڈیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل تین ملکی سیریز کی بھی میزبانی کرے گا جو 8 فروری سے شروع ہو گی اسٹیڈیم میں جو کوئی براۓ نام کمی بیشی رہ بھی گئی تو وہ چیمپئنز ٹرافی کے قذافی اسٹیڈیم میں 22 فروری کو ہونے والے میچ سے قبل ہی مکمل ہو جاۓ گی۔شائقین کرکٹ کو خوبصورت رنگ برنگے قذافی اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کا مزہ آۓ گا جس کے لۓ پی سی بی نے بھرپور انتطامات کر رکھے ہیں۔ آخر میں قومی کرکٹ ٹیم کی بھرپور کامیابی کیلۓ دعا گو ہیں۔

