انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول اور وینیوز کے حتمی اعلان میں تاخیر کے باعث کمرشل پارٹنرز میں بھی بےچینی بڑھ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ملٹی نیشنل پارٹنرز اور ایونٹ سے جڑنے والے مقامی اسپانسرز اس تاخیر کی وجہ سے اپنی برانڈ ایکٹیویٹیز اور کمرشل پلانز ترتیب دینے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
آئی سی سی نے مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ طویل مدتی کروڑوں ڈالرز کے معاہدے کر رکھے ہیں، تاہم شیڈول کے اعلان میں تاخیر سے ایونٹ کی برانڈ ویلیو پر اثر پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز کو مائیلج متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کیلئےبعض مقامی اسپانسرز بھی ایونٹ کے مختلف سلاٹس کیلئے بات چیت کر رہے ہیں، لیکن تاخیر کی وجہ سے وہ اپنے معاہدے حتمی شکل نہیں دے پا رہے۔
کمرشل پارٹنرز کا ماننا ہے کہ آئی سی سی اگلے ہفتے کے آغاز تک چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کرے تاکہ برانڈ ایکٹیویٹیز بروقت شروع کی جا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپانسرز ایونٹ میں سرمایہ کاری کے بعد اپنے کمرشل منصوبے ترتیب دیتے ہیں اور موجودہ تاخیر ان کے منصوبوں کو متاثر کر رہی ہے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی 21 نومبر تک چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول اور وینیوز سے متعلق اہم اعلان کر سکتا ہے۔