نیویارک(رائٹرز) – اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کر لی گئی، جس کے حق میں پاکستان سمیت 13 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
چین اور روس نے قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے، کسی اور کا نہیں۔ دونوں ممالک نے فلسطینیوں کا کردار، شفافیت اور بین الاقوامی استحکام فورس کے اختیارات سے متعلق اہم نکات واضح نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
چینی سفیر فو کونگ نے کہا کہ یہ قرارداد فلسطینی حکمرانی کے اصولوں کی عکاسی نہیں کرتی اور امریکہ نے بین الاقوامی استحکام فورس اور بورڈ آف پیس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
روسی مندوب نے کہا کہ یہ منصوبہ فلسطینیوں کو عمل سے باہر رکھتا ہے اور غزہ اور مغربی کنارے کی مزید تقسیم کا خطرہ پیدا کرتا ہے۔
دوسری جانب، برطانیہ، فرانس، جنوبی کوریا اور سلووینیا نے اس منصوبے کی تائید کی، جبکہ ڈنمارک نے زور دیا کہ غزہ اور مغربی کنارے کو متحد رکھنا ضروری ہے۔

