چین نے مقناطیس کی برآمدات محدود کی تو 200 فیصد تک ٹیرف لگ سکتے ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک/سی این بی سی) امریکی صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر چین نے نایاب مقناطیس (ریئر ارتھ میگنیٹس) کی برآمدات کو محدود کیا تو امریکا ان پر 200 فیصد تک محصولات عائد کر سکتا ہے۔ اس اقدام سے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان جاری نازک تجارتی جنگ بندی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا“انہیں ہمیں میگنیٹس دینا ہوں گے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ہمیں ان پر 200 فیصد محصول یا اس جیسا کچھ لگانا پڑے گا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے ماضی میں چین کے 200 طیاروں کو پرواز سے اسلئے روکے رکھا کہ بیجنگ کو بوئنگ کے پرزے جان بوجھ کر فراہم نہیں کیے گئے تھے کیونکہ وہ امریکا کو مطلوبہ میگنیٹس فراہم نہیں کر رہا تھا۔

بلومبرگ کے مطابق بوئنگ اس وقت چین کو تقریباً 500 طیارے فروخت کرنے کے معاہدے پر کام کر رہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہوائی جہاز امریکا-چین تجارتی تعلقات میں کس قدر اہم ہیں۔

اپریل میں عائد پابندیوں کے بعد چین کی ریئر ارتھ میگنیٹس کی برآمدات بحال ہو چکی ہیں۔ جون میں امریکا کو برآمدات میں 660 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جولائی میں مزید 76 فیصد اضافہ ہوا۔چین دنیا کی ریئر ارتھ میگنیٹس کی پیداوار کا تقریباً 90 فیصد کنٹرول کرتا ہے اور ان کی ریفائننگ پر بھی غلبہ رکھتا ہے، جو امریکا کیلئے اس پر انحصار کو اجاگر کرتا ہے۔

بیجنگ کے تھنک ٹینک “سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن” کے بانی ہنری وانگ کے مطابق ٹرمپ کے بیانات زیادہ تر “دھونس” دکھانے کیلئے ہوتے ہیں اور اصل امتحان دونوں ملکوں کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں پر عملدرآمد میں ہے۔

جون میں امریکا اور چین نے ایک فریم ورک معاہدے پر اتفاق کیا تھا جس کے تحت دونوں نے ایک دوسرے پر عائد محصولات جزوی طور پر کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ تاہم یہ ’عارضی جنگ بندی‘ نومبر کے وسط میں ختم ہو رہی ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، سینئر چینی تجارتی مذاکرات کار لی چینگ گانگ اس ہفتے واشنگٹن کا دورہ کریں گے جہاں وہ امریکی حکام سے ملاقات کر کے آئندہ حکمت عملی پر بات کریں گے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نومبر کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی یہ جنگ بندی برقرار رہتی ہے یا نہیں، اس کا انحصار اعلیٰ سطح پر ہونے والے انہی مذاکرات پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں