چین کے ساتھ بڑھتی کشیدگی: جاپان نے 58 ارب ڈالر کا ریکارڈ دفاعی بجٹ منظور کر لیا

ٹوکیو( غیر ملکی میڈیا)جاپان کی کابینہ نے مالی سال 2026ء کے لیے 58 ارب ڈالر (9.04 ٹریلین ین) کا ریکارڈ دفاعی بجٹ منظور کیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 9.4 فیصد زیادہ ہے۔ اس سے قبل مالی سال 2025ء میں جاپان نے دفاع کے لیے تقریباً 55.7 ارب ڈالر مختص کیے تھے۔

یہ اضافہ جاپان کے پانچ سالہ 43 ٹریلین ین (275 ارب ڈالر) کے دفاعی پروگرام کا چوتھا سال ہے، جس کا مقصد دفاعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے 2 فیصد تک بڑھانا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دفاعی بجٹ کی منظوری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب چین اور جاپان کے تعلقات کشیدہ ہیں، خاص طور پر تائیوان کے معاملے پر جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کے بیانات کے بعد۔ چین نے ردعمل میں جاپان کے خلاف سفارتی اور معاشی اقدامات کیے ہیں، جن میں سفر اور جاپانی سمندری خوراک کی درآمد پر پابندی شامل ہے۔

جاپان اپنی تازہ قومی سلامتی حکمتِ عملی میں چین کو سب سے بڑا اسٹریٹجک چیلنج قرار دیتا ہے اور اسی بنیاد پر امریکا کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔