چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار نے نور خان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبالیہ تقریب کے دوران پاکستان کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے گروپ نے چینی وزیر خارجہ کو پھول پیش کیے۔ اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے حکام اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے افسران بھی موجود تھے۔

چینی وزیر خارجہ یہ دورہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چھٹا پاک–چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت اسحٰق ڈار اور وانگ ژی کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ملاقاتوں میں سی پیک منصوبوں کی پیش رفت اور نئے تعاون کے شعبوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں