چیک جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ، ماہ نور علی نے ٹائٹل جیت لیا

پراگ( اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسکواش پلیئر ماہ نور علی نے چیک جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 15 کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پراگ میں کھیلے گئے فائنل میں ماہ نور علی نے میزبان ملک کی کھلاڑی یوہانا یڈلیچکوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔

فائنل میں ماہ نور علی کی فتح کا اسکور 12-10، 11-02، 09-11، 03-11 اور 11-09 رہا۔ یہ کامیابی ماہ نور علی کے کیریئر کا 26 واں انٹرنیشنل جونیئر گولڈ میڈل ہے۔

اسی ایونٹ میں ماہ نور علی کی بہن سحرش علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برانز میڈل حاصل کیا۔ سحرش علی نے تیسری پوزیشن کے میچ میں یوکرین کی وکٹوریہ شیوکوپلیاس کو اسٹریٹ گیمز میں 11-3، 11-9 اور 11-0 سے شکست دی۔واضح رہے کہ ماہ نور اور سحرش کی بڑی بہن مہوش اس ایونٹ کے سیمی فائنل میں ان فٹ ہو گئی تھیں۔