ڈنمارک:شدید سردی کے باوجود ہزاروں افرادکاامریکی دھمکی کیخلاف مظاہرہ

کوپن ہیگن(ایجنسیاں)ڈنمارک میں شدید سردی کے باوجود ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور گرین لینڈ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو ضم کرنے کی دھمکی کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ امریکا گرین لینڈ کی خودمختاری کا احترام کرے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ امریکا کی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر دیگر ممالک نے گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول کی حمایت نہ کی تو امریکا ان پر تجارتی ٹیرف عائد کر سکتا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹیجک جغرافیائی حیثیت اور معدنی وسائل امریکا کے لیے ناگزیر ہیں، اور قومی سلامتی میں خلا پیدا ہونے سے بچانے کے لیے نیٹو کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

ادھر ڈنمارک اور گرین لینڈ کے حکام نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ صرف ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام کر سکتے ہیں۔ ڈنمارک نے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر گرین لینڈ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔