ڈنمارک کی وزیرِ اعظم کا حملے کے بعد بیان سامنے آ گیا

ڈنمارک کی خاتون وزیرِ اعظم میٹے فریڈرکسن کا اپنے اوپر ہونے والے حملے کے بعد بیان سامنے آ گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ کوپن ہیگن میں ہونے والے حملے سے جسمانی اور ذہنی طور پر صحت یاب ہو رہی ہوں۔

ڈنمارک کی وزیرِ اعظم میٹے فریڈرکسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میں ابھی تک بہتر محسوس نہیں کر رہی، میں بطور وزیرِ اعظم اپنے معاملات دیکھتی ہوں اور ہمیشہ دیکھتی رہوں گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں عوامی عمل داری میں تبدیلی دیکھی ہے، ہم سب سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دیکھتے ہیں کہ حدود انتہائی تیزی سے بدل رہی ہیں۔

ڈینش وزیرِ اعظم میٹے فریڈرکسن نے یہ بھی کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت سخت لہجے میں ایک طویل عرصے سے دھمکیاں آتی رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈنمارک کی خاتون وزیرِ اعظم میٹے فریڈرکسن پر سڑک پر اچانک حملہ کیا گیا تھا۔

ایک شخص نے میٹے فریڈرکسن کو مخالف سمت سے آکر زور سے دھکا مارا تھا تاہم ڈینش وزیرِ اعظم گرنے سے محفوظ رہی تھیں۔

حملہ آور کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں