گیٹینو/ڈومینیکن ریپبلک (سی بی سی، ریڈیو کینیڈا) ڈومینیکن ریپبلک میں تعطیلات کے دوران مردہ پائے جانے والے کینیڈین جوڑے کے اہلِ خانہ نے مقامی حکام کی جانب سے موت کی قدرتی وجوہات سے متعلق دعوے کو مسترد کر دیا ہے اور کاربن مونو آکسائیڈ زہریلی گیس سے ہلاکت کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 26 دسمبر کو گیٹینو، کیوبیک سے تعلق رکھنے والے آلن نوئل اور کرسٹین سووے کی لاشیں ولا ریوا میں واقع ان کےگھر سے برآمد ہوئیں، جہاں انہیں ان کے بیٹے جوناتھن نے پایا۔ ڈومینیکن حکام کے ابتدائی نتائج میں موت کی وجوہات سانس کی ناکامی، پھیپھڑوں میں پانی، بلند فشارِ خون اور ذیابیطس بتائی گئیں۔
کرسٹین سووے کے بھائی جائلز سووے جونیئر نے دونوں افراد کی ایک ہی رات قدرتی موت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کاربن مونو آکسائیڈ پوائزننگ کا الزام لگایا۔ انہوں نے بتایا کہ بطور کنسٹرکشن کنٹریکٹر وہ گیس ڈیٹیکٹر مشین کمرے میں لے گئے، دروازے بند کرتے ہی الارم بجنے لگا اور انہیں خود بھی متلی محسوس ہوئی۔
کینیڈا کے فارنزک پیتھالوجسٹ ڈاکٹر یان دازے نے بھی ڈومینیکن حکام کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک ہی وقت میں دونوں افراد کا ایک جیسی وجوہات سے انتقال “انتہائی حیران کن” ہے۔ ان کے بقول لوگ ایک ہی بیماریوں سے بیک وقت نہیں مرتے۔
ادھر ریزورٹ ڈویلپر لوک کورٹمانش نے کہا کہ اس وقت کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹرز کی تنصیب لازمی نہیں، تاہم آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئےڈیٹیکٹر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اہلِ خانہ کے مطابق حتمی پوسٹ مارٹم اور رپورٹ چند ماہ میں متوقع ہے۔

