واشنگٹن (رائٹرز، اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی وینزویلا کے خلاف زمینی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ’’مختلف وجوہات‘‘ کی بنا پر وینزویلا کی حکومت سے خوش نہیں ہیں اور جلد ہی اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ منشیات اسمگلرز کے خلاف اعلانِ جنگ کی ضرورت نہیں، کیونکہ جو لوگ امریکا میں منشیات لارہے ہیں ’’ہم انہیں مار ڈالیں گے‘‘۔انہوں نے بتایا کہ امریکا سمندری راستوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے نئے اقدامات کر رہا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ’’وینزویلا کے قریب بی ون بمبار طیارے بھیجنے‘‘ سے متعلق میڈیا رپورٹس غلط اور بے بنیاد ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کولمبیا اور میکسیکو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کولمبیا اب منشیات کا گڑھ بن چکا ہے جبکہ میکسیکو کو ڈرگ کارٹیلز چلا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ چین فینٹانائل جیسی خطرناک منشیات کی اسمگلنگ کے لیے وینزویلا کو استعمال کر رہا ہے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی صدر کے ساتھ آئندہ ملاقات کے نتائج مثبت ہوں گے۔
روس سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ روسی تیل کمپنیوں پر عائد پابندیوں کے اثرات چھ ماہ میں واضح ہوں گے، ’’روس کو تب احساس ہوگا کہ ان پابندیوں کے کیا نتائج نکلے ہیں‘‘۔ایک اور سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق کوئی یکطرفہ اقدام نہیں کرے گا۔

