ڈیرہ مراد جمالی: جعفر ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

ٹرین گزرنے کے چند منٹ بعد ریلوے ٹریک پر دھماکا، ٹریک متاثر—کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

ڈیرہ مراد جمالی (نامہ نگار)بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹرین گزرنے کے صرف چند منٹ بعد ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ٹریک کا ایک حصہ متاثر ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس ٹریک عبور کر کے آگے بڑھ چکی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ریلوے لائن کے قریب نصب کیا گیا تھا، تاہم خوش قسمتی سے ٹرین محفوظ رہی اور کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔

ریلوے حکام نے متاثرہ ٹریک کو مرمت کے لیے عارضی طور پر بند کر کے علاقے کو سیل کر دیا، جب کہ پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد جمع کیے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی اندازوں کے مطابق دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔