بالی ووڈ کی پرکشش اور معروف اداکارہ ہما قریشی نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ انھیں 2012 کی فلم ’گینگز آف واسع پور‘ کی کامیابی کے بعد ہدایتکار ڈیوڈ دھون سے ایک انمول مشورہ ملا تھا۔ 38 سالہ ہما قریشی نے ڈیوڈ دھون سے ایک کافی شاپ پر اچانک ہونے والی اس ملاقات کے حوالے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ڈیوڈ دھون نے انھیں سرجری کرانے کے خلاف مشورہ دیا تھا۔
انڈسٹری کے سینئر ہدایتکار سے اپنی پہلی ملاقات کا تجربہ بیان کرتے ہوئے گینگ آف واسع پور میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی ہما قریشی نے کہا میں خوش نصیب ہوں کہ مجھے میری پہلی ہی فلم سے قبول کرلیا گیا۔
انھوں نے ڈیوڈ دھون سے ہونے والی ملاقات کا مزید بتاتے ہوئے کہا کہ وہ میرے پاس آئے اور کہا بیٹا آپ بہت اچھی اداکارہ ہیں، آپ کو بہت لوگ کہیں گے کہ وزن کم کرنے کےلیے سرجری کرالیں، تو ایسا نہیں کرنا۔فلم بینوں نے آپ کو قبول کرلیا ہے اور جب ایک بار فلم بین ایسا کرلیں تو پھر آپ کو کچھ نہیں کرنا، بس آپ کو یہ سمجھنا ہے کہ آڈیئنس کو تفریح فراہم کرنا ہے۔
ہما قریشی نے کہا یہ بہت اچھا مشورہ تھا جو کہ انڈسٹری کے سینئر کی طرف سے آیا تھا، اسے صرف لکھ کر رکھنا ہے، یہ بھولنا نہیں ہے۔جہاں تک کام کا تعلق ہے تو ہما قریشی آئندہ سبھاش کپور کی جولی ایل ایل بی تھری میں نظر آئیں گی جس میں انکے ساتھ اکشے کمار، ارشد وارثی، امریتا راؤ اور سورابھ شکلا اہم کرداروں میں ہوں گے۔