لاہور (نمائندہ خصوصی+کلچرل ڈیسک) —معروف کامیڈین اور اسٹیج اداکار انور علی طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔
خاندانی ذرائع اور معتبر نیوز اداروں کے مطابق انور علی پھیپھڑوں، گردوں اور دل کے امراض میں مبتلا تھے۔ طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں گزشتہ روز دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ کل نمازِ ظہر کے بعد ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر ادا کی جائے گی۔انور علی کا فنی کیریئر تقریباً 38 سال پر محیط رہا۔ انہوں نے اسٹیج اور ٹی وی کے بے شمار ڈراموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں اندھیرا اجالا، ابابیل، ہوم سویٹ ہوم سمیت کئی اسٹیج پرفارمنس شامل ہیں۔
فنکار برادری کا کہنا ہے کہ انور علی نے مزاح کو ایک نیا رنگ دیا اور اپنی بے ساختہ اداکاری کے ذریعے لوگوں کو خوشی فراہم کی۔ ان کے انتقال پر ساتھی فنکاروں اور مداحوں میں گہرے دکھ اور صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔انور علی کی فنی خدمات اور یادگار کردار ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ان کے انتقال سے پاکستان کی فنونِ لطیفہ کی دنیا ایک بڑے فنکار سے محروم ہوگئی ہے۔

