کراچی:اسٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ، پہلی بار ایک لاکھ 74 ہزار کی سطح عبور

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سال کے آخری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ 74 ہزار کی سطح عبور کر گیا۔

ٹریڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری کے باعث ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 74 ہزار 411 پوائنٹس تک پہنچ گیا، تاہم بعد ازاں تیزی میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

مارکیٹ میں آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کرنے والی کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی کی پیداوار اور ریفائنریز کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی۔ اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی پی ایل، پول، ایچ بی ایل، میزان بینک اور ایم سی بی کے حصص بھی مثبت زون میں رہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ تاریخی سطح پر بند ہوئی تھی، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 172,400 پوائنٹس پر بند ہوا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 0.6 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

دوسری جانب عالمی سطح پر پیر کے روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹس چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جبکہ آئندہ سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات کے باعث ڈالر تقریباً تین ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہا، جس کے نتیجے میں قیمتی دھاتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔