کراچی(سپورٹس ڈیسک)فرحان علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی جونیئر انڈر 17 اسنوکر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جہانگیر خان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پنجاب کے فرحان علی نے اسلام آباد کے دانیال شہزاد کو 0-4 فریم سے شکست دے دی۔
فائنل میں فرحان علی نے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ فریم اسکور 21-65، 11-71، 33-79 اور 40-59 رہا۔
اس سے قبل سیمی فائنل میں فرحان علی نے پنجاب کے کے موسیٰ تنویر کو 1-4 فریم سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسلام آباد کے دانیال شہزاد نے پنجاب کے محمد کاشان کو 2-4 فریم سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ دانیال شہزاد کی سیمی فائنل جیت کا اسکور 30-67، 70-35، 64-31، 48-61، 37-54 اور 45-70 رہا۔
دریں اثنا پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے مطابق نیشنل جونیئر انڈر 21 اسنوکر چیمپئن شپ جمعرات سے شروع ہوگی۔

