کراچی:پاکستان کا تیل بردار جہاز ’کراچی‘ آبنائے ہرمز سے گزر گیا

کراچی ( ایجنسیاں) کراچی نامی پاکستانی تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز سے ایران کی خصوصی اجازت کے بعد گزر گیا۔رپورٹس کے مطابق یہ جہاز پاکستان کی جانب رواں دواں ہے اور اس میں 8 کروڑ لیٹر سے زائد تیل موجود ہے۔

امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق پاکستانی ٹینکر کا آبنائے ہرمز سے گزرنا ایران کے منظور شدہ نئے سمندری راستے کی نشاندہی کرتا ہے، جس کے تحت جہازوں کیلئےایرانی منظوری لازمی قرار دی جا رہی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی بندرگاہ پر رکنے والے دو کارگو جہازوں نے بھی پیر کی صبح یہی راستہ اختیار کیا اور اپنی لوکیشن مسلسل ظاہر کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق اس نئے راستے سے گزرنے کے لیے تہران سے گرین سگنل درکار ہے، جبکہ بھارت، ترکی سمیت کئی ممالک ایران سے محفوظ بحری راہداری طلب کر چکے ہیں۔دوسری جانب بین الاقوامی بیمہ کمپنیوں اور بینکوں نے ایرانی راستے پر بڑھتے خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔