کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی میں مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی اور پولیس سے جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔گزشتہ روز ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرین نے امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پتھراؤ کیا، جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔
مائی کولاچی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہروں اور پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔ سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی۔سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن کے مطابق 8 لاشیں اور 20 زخمی اسپتال منتقل کیے گئے، شناخت کا عمل جاری ہے۔
ٹریفک پولیس نے مظاہروں کے باعث متعدد راستے بند کر دیے اور شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے۔ کسٹم ہاؤس کے سامنے نیٹی جیٹی پل، مولوی تمیز الدین روڈ اور سلطان آباد سے مائی کولاچی جانے والی سڑکیں بند کی گئیں۔امریکی سفارتخانے نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں مظاہروں پر نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے اور امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ہجوم میں جانے سے گریز کریں اور سیکیورٹی کا خیال رکھیں۔

