کراچی: سٹی کورٹ کے احاطے میں یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کا تشدد

کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران سٹی کورٹ کے احاطے میں یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلا کے ایک گروپ نے تشدد کیا جس کے باعث عدالتی ماحول بدنظمی کا شکار ہوگیا۔

رجب بٹ عبوری ضمانت کی مدت ختم ہونے پر پیر کے روز سیشنز کورٹ سینٹرل میں پیش ہوئے تھے کہ سماعت کے دوران اچانک ہنگامہ آرائی ہوئی اور ان پر حملہ کردیا گیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی موجودگی میں کچھ وکلا نے ان کے موکل پر تشدد کیا، بار بار روکنے کے باوجود حملہ جاری رکھا گیا جو غیر پیشہ ورانہ اور قابلِ مذمت طرزِ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینا وکلا برادری کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں رجب بٹ کو پھٹی ہوئی قمیض میں ہجوم کے درمیان دیکھا گیا جبکہ ایک اور ویڈیو میں وکلا کا ایک گروپ نعرے بازی کرتا نظر آیا۔ ویڈیو میں مقدمے کے مدعی ریاض سولنگی بھی موجود تھے جنہوں نے الزام لگایا کہ رجب بٹ نے وکلا کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔

رجب بٹ مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ 10 دسمبر کو لندن سے پاکستان واپس آئے تھے، جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے اہلِ خانہ کی درخواست پر انہیں 10 روزہ حفاظتی ضمانت دی تھی۔ سیشنز کورٹ نے آج سماعت کے بعد رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی ہے۔