کراچی: گل پلازا کے ملبے سےبرآمدہونیوالا ڈیڑھ کلو سونا مالک کے حوالے

کراچی(نامہ نگار)کراچی میں آتش زدگی کے بعد تباہ ہونے والے گل پلازا کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے، اس دوران ملبے سے ڈیڑھ کلو سونا برآمد ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق گل پلازا کی عمارت میں جیولرز کی دکان قائم تھی، جہاں سے یہ سونا ملا، جسے دکان کے مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ عمارت کا 90 فیصد حصہ کلیئر کر لیا گیا ہے، تاہم جگہ حساس ہونے کے باعث ملبہ انتہائی احتیاط سے اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اب بھی 10 سے 11 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے، جبکہ اب تک 71 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ کل سے 82 افراد کی فہرست موجود ہے، اگر کوئی شخص اب بھی لاپتہ ہے تو اندراج کے لیے رابطہ کرے۔ سرچ آپریشن کے آج رات تک مکمل ہونے کا امکان ہے، جبکہ سی سی ٹی وی ڈی وی آر پولیس کے حوالے کر کے فارنزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ مطلوبہ ڈی وی آر تاحال مکمل طور پر نہیں ملا اور اس کی ہارڈ ڈسک غائب ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سانحے کا مقدمہ وزیراعلیٰ سندھ کی تشکیل کردہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا جائے گا۔

ادھر ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران نقد رقم اور قیمتی اشیاء بھی برآمد ہوئیں، جنہیں اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملبے سے ملنے والا تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کا سامان مالکان کو واپس کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب ریسکیو آپریشن اور ملبہ اٹھانے کے دوران سنگین غفلت کا واقعہ بھی سامنے آیا، جب گل پلازا کا ملبہ لے جانے والے ڈمپر سے انسانی باقیات سڑک پر گر گئیں، جنہیں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سول اسپتال منتقل کیا۔

واضح رہے کہ کراچی کا بڑا کاروباری شاپنگ سینٹر گل پلازا گزشتہ ہفتے آگ لگنے کے نتیجے میں مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 بتائی جا رہی ہے، متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ کئی لاشوں کی شناخت اور پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔