کرک(نمائندہ خصوصی) کرک کے علاقے بہادر خیل میں زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 3 زخمی اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق ایمبولینس زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر رہی تھی کہ راستے میں اس پر حملہ کیا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود تینوں زخمی اہلکار دم توڑ گئے۔ واقعے میں ریسکیو کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل فیڈرل کانسٹیبلری کے قلعے پر کواڈ کاپٹر حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے تھے، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا کہ ایمبولینس کو نشانہ بنایا گیا۔ڈی پی او کرک کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کر دی ہے۔

