کسانوں کا اداکارہ سیاستدان کنگنا رناوت کے متنازع بیان کے خلاف احتجاج

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کسانوں سے بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کا پتلا چھین کر بھاگ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں کی جانب سے کنگنا رناوت کا پتلا چھیننے کے بعد احتجاجی مظاہرہ میدان جنگ بن گیا جہاں کسان اداکارہ و سیاستدان کے متنازع بیان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

بھارتیہ کسان یونین (لوکھیت) کے کسان کنگنا رناوت کے بیان کے خلاف احتجاج کیلیے ان کا پتلا جلانے کیلیے لائے تھے لیکن اس سے قبل ہی وہاں پولیس پہنچ گئی۔

پولیس اہلکاروں نے کسان رہنما کی گاڑی سے اداکارہ و سیاستدان کا پتلا زبردستی نکالا جس کے بعد دونوں فریقین میں ہاتھا پائی ہوئی اور سڑک کو ٹریفک کیلیے بند کر دیا گیا۔

اس دوران ایک پولیس اہلکار پتلا چھین کر موقع سے فرار ہوا جبکہ دیگر بھی وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

کسانوں نے پتلا چھیننے پر احتجاجی مظاہرے کو دھرنے میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی دہلی سے لکھنؤ جانے والی سڑک کو ٹریفک کیلیے مکمل بند کر دیا۔

کسانوں کا کہنا تھا کہ ہم پُرامن طریقے سے پتلا جلانا چاہتے تھے لیکن پولیس آئی اور ہماری گاڑی سے لے گئی، ہم قانون کی حکمرانی اور آئین پر یقین رکھتے ہیں، جب تک پتلا واپس نہیں مل جاتا دھرنا جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت کی طرف سے کسانوں پر کیے گئے تبصرہ انتہائی شرمناک ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اداکارہ و سیاستدان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں