بالی ووڈ کی سابق اداکارہ و گلوکارہ وجیتا پنڈت نے ساتھی اداکار کمار گورو کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں پہلی بار گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری 1981 کی پہلی ہی فلم ’لَو اسٹوری‘ کی کامیابی کی وجہ سے ہمیں راتوں رات شہرت ملی۔
اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سابق اداکارہ نے کہا کہ کمار گورو نے راج کپور کی بیٹی سے منگنی کے باوجود انھیں قسم کھا کر یقین دلایا تھا کہ وہ صرف انہی (وجیتا پنڈت) سے شادی کریں گے۔
ہریانا سے تعلق رکھنے والی 67 سالہ اداکارہ کے مطابق ماضی کے شہرت یافتہ ہیرو راجندر کمار نے اپنے بیٹے کمار گورو کی منگنی راج کپور کی بیٹی ریما کپور سے طے کی تھی، وہ اپنے بیٹے کی شادی مجھ سے نہیں کرنا چاہتے تھے۔ وجیتا پنڈت نے 1990 میں میوزک کمپوزر آنجہانی آدیش شری واستو سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ افواہوں کے باوجود ریما کپور اور کمار گورو کی منگنی ٹوٹنے سے انکا کوئی تعلق نہ تھا۔
وجیتا پنڈت کا کہنا تھا کہ بنٹی (کمار گورو) پہلا لڑکا تھا جس کے ساتھ فلم لَو اسٹوری کی شوٹ کے دوران اتنی قریب آئیں، کسی بھی لو اسٹوریز میں آپ دیکھ لیں چاہے وہ رشی کپور ڈمپل کپاڈیا کی بوبی ہو، سنی دیول امریتا سنگھ کی بےتاب ہو، سنجے دت اور ٹینا مونیم کی راکی، یہ تمام اداکارائیں حقیقی زندگی میں محبت میں مبتلا ہوئیں، اس قسم کی فلموں میں آپ خود کو رومانوی کیفیت میں محسوس کرتے ہیں۔
وجیتا کا کہنا تھا کہ بنٹی انھیں بہت پسند کرتے تھے لیکن انکے والد راجندر کمار کو ہمارے تعلقات پسند نہ تھے اور وہ بیٹے سے کہتے تھے کہ تم شہزادے ہو اور تمہاری شادی کسی شہزادی سے ہونا چاہیے۔