کمیونٹی کی حفاظت اور بھتہ خوری کیخلاف اقدامات کئے گئے ہیں:سونیاسدھو

برامپٹن(نمائندہ خصوصی) برامپٹن ساؤتھ سے ایم پی سونیاسدھو نے وفاقی حکومت کے حالیہ اقدامات کی تفصیلات فراہم کیں ہیں جو عوامی تحفظ کو مضبوط بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کرنے اور ملک بھر میں بڑھتی ہوئی پرتشدد بھتہ خوری کے واقعات کا مقابلہ کرنے کیلئے کیے گئے ہیں۔سونیاسدھو نے زور دیا کہ ہر کینیڈین کو اپنے محلے میں محفوظ محسوس کرنے اور یقین رکھنے کا حق ہے کہ پرتشدد جرائم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وفاقی حکومت نے متعدد بڑے قانونی اصلاحات کو آگے بڑھایا ہے جو سرحدی تحفظ، سائبر سیکیورٹی، منظم جرائم اور نفرت انگیز جرائم سے نمٹنے کیلئےہیں۔ اس میں اسٹرونگ بارڈرز ایکٹ (بل C-2) شامل ہے جو قانونی رسائی کے اقدامات کو مضبوط بناتا ہے اور کینیڈا کی مجموعی نفاذ کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ حکومت نے بل C-8 پیش کیا ہے، جو نئے سائبرسیکیورٹی قوانین کے ذریعے کینیڈا کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، اہم نظام اور اقتصادی تحفظ کو بہتر بنانے کیلئے ہیں۔ نفرت انگیز جرائم سے نمٹنے کیلئے، بل C-9 وفاقی قوانین کو جدید بناتا ہے تاکہ اس قسم کے جرائم کی شناخت، مذمت اور سزا کو مؤثر بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں، بل C-12، جو امیگریشن اور سرحدی تحفظ پر مرکوز ہے، غیر قانونی منشیات اور اسلحہ کے ملک میں داخلے کو روکنے کے ساتھ ساتھ کینیڈا کے امیگریشن نظام کی سالمیت کو مضبوط کرتا ہے۔سونیا نے کہا کہ یہ اصلاحات قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور کمیونٹی شراکت داروں کی رائے کی عکاس ہیں جنہوں نے مضبوط قومی ہم آہنگی اور بہتر اوزاروں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حکومت کی حفاظتی ایجنڈا کا ایک اہم حصہ کریمنل کوڈ میں اصلاحات ہے، جس کے ذریعے بل C-14 کے تحت 80 سے زائد ترامیم کی گئی ہیں جو پرتشدد بھتہ خوری کو روکنے اور منظم جرائم کے نیٹ ورک کو توڑنے کیلئےہیں۔ ان ترامیم کے تحت بھتہ خوری کے الزامات کے تحت افراد کیلئے ریورس آنس نافذ کیا گیا ہے، جس سے انہیں ضمانت حاصل کرنا زیادہ مشکل ہو جائیگا۔ بھتہ خوری کے سزا یافتگان کو متعلقہ جرائم جیسے آگ لگانے کے الزامات کے ساتھ متواتر سزا دی جائیگی اور بھتہ خوری یا منظم جرائم میں ملوث افراد ضمانت پر اسلحہ رکھنے کے اہل نہیں ہونگے۔ نئی ضمانتی شرائط، جن میں جغرافیائی پابندیاں شامل ہیں، متاثرہ افراد اور کمیونٹیز کو اضافی تحفظ فراہم کرینگی۔

یہ اقدامات برٹش کولمبیا، اونٹاریو اور دیگر علاقوں میں رپورٹ ہونیوالے بھتہ خوری کے واقعات کے قومی ردعمل کا حصہ ہیں۔سونیاکے مطابق یہ اصلاحات ملک بھر کے پولیس اداروں کی واضح ہدایت کے مطابق ڈیزائن کی گئی ہیں، جنہوں نے جرائم کے حقیقی حالات کی عکاسی کرنے والے قوانین کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔

ان اصلاحات کی حمایت کیلئے حکومت نے فرنٹ لائن نفاذ کی صلاحیت کو بڑھایا اور قومی ہم آہنگی کو بہتر بنایا ہے۔ اس میں 1000 نئے کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی کے اہلکار اور 1000 اضافی RCMP اہلکار کی بھرتی شامل ہے تاکہ سرحد اور کمیونٹی سطح کی پولیسنگ کو مضبوط بنایا جا سکے۔ حکومت نے مالی جرائم کیلئے مخصوص ایجنسی بھی قائم کی ہے تاکہ منی لانڈرنگ، منظم جرائم اور آن لائن فراڈ اسکیمز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

سونیا سدھونے زور دیا کہ تعاون اس کام کا مرکزی حصہ ہے اور وفاقی حکومت مقامی پولیس سروسز، بشمول پی ایل ریجنل پولیس، صوبائی اور میونسپل حکومتوں کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ متاثرہ افراد کی مدد بہتر کی جا سکے اور مختلف خطوں میں کام کرنے والے مجرمانہ نیٹ ورکس کو توڑا جا سکے۔

سونیاسدھونے “قانون نافذ کرنے والے رہنماؤں نے واضح طور پر مضبوط اوزار، مربوط کارروائی، اور متاثرہ افراد کیلئےبہتر مدد کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہماری حکومت صوبوں، میونسپلٹیوں اور فرنٹ لائن ایجنسیوں کے ساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ کینیڈینز کو محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ کام جاری ہے اور ہم برامپٹن اور ملک بھر میں کمیونٹیز کے تحفظ کیلئےاہم اقدامات کرتے رہیں گے۔”