کم جونگ اُن کی بیٹی جو اَے کا سرکاری مقبرے کا پہلا عوامی دورہ

پیونگ یانگ(رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی)شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بیٹی جو اَے نے پہلی بار عوامی طور پر ریاستی مقبرہ کُمسوسان پیلس آف دی سن کا دورہ کیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، یہ دورہ یکم جنوری کو ہوا، جہاں جو اَے نے اپنے والدین کے ہمراہ ملک کے سابق رہنماؤں (دادا پڑدادا) کو خراج عقیدت پیش کیا۔

منظرِ عام پر آنے والی تصاویر میں جو اَے کو کم جونگ اُن اور ان کی اہلیہ لی سول جو کے درمیان مرکزی ہال میں کھڑے دیکھا گیا، جبکہ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔جو اَے نے نئے سال کے سلسلے میں منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ گزشتہ سال ستمبر میں وہ اپنے والد کے ہمراہ بیجنگ کا دورہ بھی کر چکی ہیں، جو ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے تاحال جو اَے کی عمر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، تاہم بین الاقوامی میڈیا کے مطابق وہ گزشتہ تین برسوں سے شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر نمایاں طور پر پیش کی جا رہی ہیں۔خبر ایجنسیوں اور ماہرین کے مطابق، جو اَے کو ممکنہ طور پر مستقبل کی رہنما کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، اور جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی بھی اسی حوالے سے قیاس آرائیاں کر رہی ہے۔