کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز ایک بار پھر ملتوی

ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت کی فلم ’ایمرجنسی‘ گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف تنازعات کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ تاہم اب فلمسازوں نے ایک بار پھر اس کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلم 6 ستمبر 2024 کو سینما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جانی تھی لیکن اب اس کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس کی ریلیز کو پہلے بھی متعدد بار ملتوی کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ روز پنجاب اور ہریانہ ہائیکورٹ میں گروندر سنگھ اور جگموہن سنگھ کی طرف سے فلم کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران درخواستوں گزاروں نے استدعا کی کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ (سی بی ایف سی) کی طرف سے ’ایمرجنسی‘ کو دیا گیا سنسر سرٹیفکیٹ منسوخ کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے سے قبل ممتاز سکھ شخصیات کو اس کا جائزہ لینے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ سی بی ایف سی نے شکایت موصول ہونے پر فلم کے متعدد متنازع حصوں کو حذف کیا ہے لیکن اس کی سرٹیفیکیشن اب بھی زیرِ غور ہے۔

ایڈیشنل سالیسٹر جنرل آف انڈیا ستیہ پال جین نے عدالت کو بتایا کہ فلم کو قواعد و ضوابط کے مطابق سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا، اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو وہ بورڈ کو ارسال کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں