کوئٹہ (نامہ نگار) کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے 9 پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شرکت کی۔شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، ان کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بہادر جوانوں نے جرات اور عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز بہادر ہیں، شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

