اسلام آباد(نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی میں کسی قسم کا کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا، خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت برقرار رہے گی اور عمران خان کی ہدایات کے مطابق جو بھی وزیراعلیٰ ہوں گے، پوری پارٹی ان کی حمایت کرے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور کچھ دیر بعد پشاور روانہ ہوں گے اور کل اپنی سمری کے ذریعے استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق صوبے میں جو بھی حکومت بنے گی، سب اس کی مکمل حمایت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، تمام اراکین پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر ایم این اے اور ایم پی اے نے بڑی آزمائشوں کا سامنا کیا ہے اور کروڑوں روپے کی پیشکشوں کو ٹھکرا کر عمران خان کے ساتھ وفاداری نبھائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 91 ایم پی ایز متحد ہیں اور عمران خان کی ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔علی امین گنڈا پور کے استعفے کو ایک آئینی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا باقاعدہ طریقہ کار مکمل کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ عمران خان کے اعتماد تک وزیراعلیٰ ہیں۔انہوں نے علی امین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دن رات پارٹی، حکومت اور عوام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
بیرسٹر گوہر نے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا میں صرف تحریک انصاف کی حکومت قائم رہے گی اور صوبہ عمران خان کے وژن کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، جب کہ صوبائی حکومت نے کبھی بڑے پیمانے پر لوگوں کو گھروں سے بےدخل کرنے کی اجازت نہیں دی۔
بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ علی امین گنڈا پور کی تبدیلی کو کسی ناکامی سے نہ جوڑا جائے، یہ عمران خان کا صوابدیدی فیصلہ ہے کہ وہ کس کو کب تبدیل کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی تھی کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

