کولمبو (سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ICC Men’s T20 World Cup کے 35ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کیلئےکوالیفائی کرلیا۔پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف میچز کھیلے گا۔ قومی ٹیم کا نیوزی لینڈ سے میچ 21، انگلینڈ سے 24 اور سری لنکا سے 28 فروری کو ہوگا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا کی ٹیم 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 17 اعشاریہ 3 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا کر حریف کو 200 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستانی اننگز کی خاص بات صاحبزادہ فرحان کی ناقابلِ شکست سنچری رہی، انہوں نے 58 گیندوں پر 100 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ یہ رواں ورلڈ کپ کی دوسری سنچری ہے۔دیگر نمایاں بیٹرز میں صائم ایوب 14، سلمان علی آغا 38 اور خواجہ نافع 5 رنز بنا سکے جبکہ شاداب خان نے 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4، شاداب خان نے 3 جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار کارکردگی پر صاحبزادہ فرحان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے گروپ مرحلے کی 4 اننگز میں مجموعی طور پر 220 رنز اسکور کیے۔
میچ سے قبل کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں اور کھلاڑی مکمل طور پر تیار ہیں۔ اس میچ کیلئے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو شامل کیا گیا تھا۔

