کولمبو (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔آر پریماداسا اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری رہا، مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ میچ کا آخری کٹ آف ٹائم رات 9 بج کر 46 منٹ تھا، پانچ اوورز کا میچ کروانے کے لیے اس وقت تک کھیل شروع ہونا ضروری تھا، تاہم مقررہ وقت سے قبل ہی میچ منسوخ کردیا گیا۔
ICC Men’s T20 World Cup 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہوگئی جو وقفے وقفے سے جاری رہی۔
پاکستان ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں اپنا اگلا میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

