کولکتہ :واپسی کا بندوبست نہ ہونے پر جنوبی افریقا آئی سی سی پر برس پڑا

کولکتہ (سپورٹس ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی کے انتظامات نہ ہونے پر جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت اور سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد جنوبی افریقا کے کھلاڑی کولکتہ میں موجود ہیں اور ابھی تک ان کی وطن واپسی کے لیے واضح انتظامات نہیں کیے جا سکے۔

جنوبی افریقی کھلاڑی کوئنٹن ڈی کاک نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے اب تک ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ہم سے پہلے واپس جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو اس معاملے میں اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقا کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی سوشل میڈیا پر آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم جو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا سے بعد میں ایونٹ سے باہر ہوئی، وہ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس جا رہی ہے۔

ڈیوڈ ملر کے مطابق ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں کولکتہ میں اب بھی جواب کی منتظر ہیں جبکہ آئی سی سی کو انگلینڈ کی ٹیم کے لیے چارٹرڈ طیارہ فراہم کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم گزشتہ سات دن جبکہ جنوبی افریقا کی ٹیم چار دن سے وطن واپسی کی فلائٹ کا انتظار کر رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی وطن واپسی کے انتظامات نہ ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ناراضی کا اظہار کر چکے ہیں۔