سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی/نیوز ایجنسیز)سویڈن نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران عارضی طور پر بڑھائے گئے پاسپورٹ یکم اکتوبر سے سویڈن میں ناقابلِ قبول ہوں گے اور ان پاسپورٹ پر ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق، سویڈش امیگریشن ایجنسی (Migrationsverket) نے واضح کیا ہے کہ کووِڈ دور میں جن پاسپورٹ پر اسٹیکر یا مہر لگا کر توسیع دی گئی تھی، وہ آئندہ کسی بھی سفر یا امیگریشن درخواست کیلئے معتبر نہیں ہوں گے۔ ایجنسی کے قانونی امور کے سربراہ کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے کیونکہ ایسے پاسپورٹ کو جعلی بنانا ایک اصلی پاسپورٹ کے مقابلے میں آسان ہے۔
ذرائع کے مطابق، یکم اکتوبر کے بعد ایسے تمام افراد جو عارضی بڑھائے گئے پاسپورٹ کے حامل ہیں، سویڈن میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ جو لوگ پہلے ہی ملک میں موجود ہیں اور رہائش کی اجازت کیلئےدرخواست دے رہے ہیں، انہیں اپنی درخواست مکمل کرنے کیلئےنیا اور درست پاسپورٹ جمع کروانا ہوگا، بصورت دیگر ان کی درخواست مسترد ہو سکتی ہے۔
سویڈن میں موجود یا وہاں سفر کا ارادہ رکھنے والے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بروقت اپنے آبائی ملک کے سفارت خانوں سے نئے پاسپورٹ جاری کروا لیں تاکہ کسی مشکل سے بچا جا سکے۔

