کیلگری(وقائع نگار خصوصی) – کیلگری میں ہفتے کے اختتام پر موسمِ سرما کی پہلی برف باری ہوئی، جس کے ساتھ تیز اور یخ بستہ ہوائیں بھی چلیں۔انوائرمنٹ اینڈ کلائمیٹ چینج کینیڈا کے مطابق، ہفتے کے روز ہواؤں کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جب کہ شہر میں اوسطاً 1 سے 2 سینٹی میٹر برف گری۔
ماہرِ موسمیات راب گریفتھ نے بتایا کہ شہر کے مغربی علاقوں میں برف باری کچھ زیادہ ریکارڈ کی گئی، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سردی عارضی ہے۔ ان کے مطابق تھینکس گیونگ کے موقع پر پیر کو موسم ٹھنڈا رہے گا، لیکن بدھ کو درجہ حرارت 11 ڈگری اور جمعرات کو 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
راب گریفتھ نے مزید کہا کہ اکتوبر کے آخر میں دوبارہ برف باری کے امکانات موجود ہیں، تاہم فی الحال اس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں گاڑیوں کے ٹائر تبدیل کریں اور باغات کو سردی کیلئے تیار کریں تاکہ اچانک موسمی تبدیلیوں سے بچا جا سکے۔

