سیئٹل(رائٹرز) —منگل کےروزہیکرز نے کینیڈا اور امریکا کے چار ہوائی اڈوں کے پبلک ایڈریس (PA) سسٹمز پر قبضہ کر کے ایسے پیغامات نشر کیے جن میں حماس کی تعریف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی گئی۔
رائٹرز کے مطابق یہ واقعہ کینیڈا کے تین اور امریکا کے ایک ہوائی اڈے پر پیش آیا۔ کینیڈا کے شہر کیلونا (برٹش کولمبیا) کے کیلونا انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں ’’ایڈورٹائزمنٹ اسٹریمنگ سروس‘‘ کو مختصراً ہیک کر کے غیر مجاز مواد نشر کیا گیا۔
آر سی ایم پی (رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس) نے تصدیق کی کہ وہ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر اس ہیکنگ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اسی طرح وکٹوریا انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بھی پی اے سسٹم کے ذریعے غیر ملکی زبان میں پیغامات اور موسیقی نشر کی گئی۔ ائیرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ہیکرز نے کسی تیسرے فریق کے سافٹ ویئر کے ذریعے سسٹم تک رسائی حاصل کی تھی، تاہم انتظامیہ نے داخلی نظام پر منتقل ہو کر کنٹرول بحال کرلیا۔
ترجمان کے مطابق کینیڈین سینٹر فار سائبر سیکیورٹی اور آر سی ایم پی تحقیقات میں معاونت کر رہے ہیں۔
امریکا میں پنسلوانیا کے ہیریسبرگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں بھی منگل کواسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا۔ امریکی وزیر برائے ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی اے سسٹم کو ہیک کر کے غیر مجاز پیغامات نشر کیے گئے، جس کی تحقیقات فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور ائیرپورٹ حکام کر رہے ہیں۔
کینیڈا کے اونٹاریو میں واقع ونڈسر انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں منگل کی شام فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے اسکرینز اور پی اے سسٹم پر غیر مجاز تصاویر اور پیغامات نشر کیے گئے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہیکرز نے ’’کلاؤڈ بیسڈ سافٹ ویئر‘‘ کو نشانہ بنایا، تاہم نظام جلد معمول پر آگیا۔
چاروں متاثرہ اڈّے نسبتاً چھوٹے فیڈر ایئرپورٹس ہیں۔ 2024 میں ان میں سے سب سے مصروف کیلونا ایئرپورٹ نے دو ملین سے کچھ زائد مسافروں کو خدمات فراہم کیں، جب کہ برٹش کولمبیا کے سب سے بڑے وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اسی سال 25 ملین سے زائد مسافر گزرے۔

