جارج ٹاؤن( باباعرفان ملک سے) کینیڈا کے شہر جارج ٹاؤن میں مسلم کلچر فیسٹیول شایانِ شان انداز میں منایا گیا جس میں سینکڑوں خاندانوں، بچوں، خواتین اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ فیسٹیول کا مقصد کینیڈا میں بسنے والی مسلم کمیونٹی کی ثقافت، اقدار، اور مذہبی ہم آہنگی کو اُجاگر کرنا تھا۔
فیسٹیول کی سرپرستی رکن پارلیمنٹ امرجوت سندھو نے کی جبکہ اس کے اہم منتظمین میں مرتضیٰ جویا، وی آر کمیونٹی اور سلیم چوہدری (ڈکسی الیکٹرانکس) شامل تھے۔
یہ فیسٹیول نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنا بلکہ بین الثقافتی ہم آہنگی، مذہبی یکجہتی اور کثیرالثقافتی کینیڈین شناخت کو اُجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔فیسٹیول میں مختلف سرگرمیاں شامل تھیں جنہوں نے شرکاء کو پورے دن مصروف رکھا.فیسٹیول میں معروف فنکاروں کی لائیو میوزیکل پرفارمنس، روایتی حلال اور دیسی کھانوں کے اسٹالز، خواتین کیلئے مہندی و زیورات کے گوشے، کمیونٹی تنظیموں کے معلوماتی اسٹالز، بچوں کے کھیل اور تفریحی سرگرمیاں بھی شامل تھیں.
برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن،جارج ٹاؤن کے میئر،وفاقی و صوبائی ممبران پارلیمنٹ اور مختلف کونسلرز اور کمیونٹی تنظیموں کے نمائندوں حفظہ موسی،شفقت علی،صفدرحسین،احسن ضیا،امندیپ سودھی نے بھرپورشرکت کی.
منتظم مرتضیٰ جویا اور ان کی ٹیم کو اس کامیاب اور یادگار ایونٹ پر بھرپور داد دی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ یہ فیسٹیول محبت، بھائی چارے، اور مسلم ثقافتی ورثے کی ترجمانی کر رہا تھا اور مستقبل میں ایسے پروگراموں کا تسلسل کمیونٹی کو مزید مضبوط کرے گا۔

