کینیڈا ڈے پر مڈل کلاس کیلئے ٹیکس میں کمی نافذ، لاکھوں خاندانوں کو ریلیف ملے گا: سونیا سدھو

برامپٹن (نمائندہ خصوصی)رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کینیڈا ڈے کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے مڈل کلاس کیلئےوفاقی حکومت کی ٹیکس کٹوتی کا نفاذ ہو گیا ہے، جس سے برامپٹن سمیت پورے ملک کے لاکھوں خاندانوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق، وزیر اعظم مارک کارنی کی جانب سے اعلان کردہ اس ٹیکس کمی سے دو آمدنی والے ایک عام خاندان کو سالانہ 840 ڈالر تک کی بچت ہوگی اور مجموعی طور پر 2 کروڑ 20 لاکھ کینیڈین شہری اس سے مستفید ہوں گے۔

وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا”کینیڈا کی نئی حکومت کو تبدیلی کا مینڈیٹ ملا ہے، جس میں مڈل کلاس کیلئے ٹیکس میں کمی اور مہنگائی کم کرنا شامل ہے۔ کل سے ٹیکس کمی کے نفاذ کے بعد خاندان سالانہ 840 ڈالر تک کی بچت کر سکیں گے اور اپنی محنت کی کمائی میں سے زیادہ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔”

ایم پی سونیا سدھو نے کہا”برامپٹن کے خاندانوں نے بارہا کہا ہے کہ انہیں ایسا نظام چاہیے جو ان کو ترجیح دے۔ یہ ٹیکس کٹوتی ان ہی کی آواز کا جواب ہے۔ اب والدین، ملازمین اور بزرگ شہریوں کے ہاتھ میں زیادہ پیسہ آئے گا۔ یہ اقدام انصاف، مضبوط معیشت اور سب کی شمولیت کی علامت ہے۔”

وفاقی حکومت کی مجموعی حکمت عملی میں روزمرہ اخراجات کم کرنا، کمیونٹیز کو محفوظ بنانا، تجارت میں تنوع لانا، اور دنیا کی سب سے مضبوط معیشتوں میں سے ایک “کینیڈین معیشت” کی تشکیل شامل ہے۔

ایم پی سونیا سدھو نے مزید کہا”یہ صرف شروعات ہے، میں برامپٹن کے شہریوں کیلئے دل سے کام کرتی رہوں گی تاکہ انہیں ایک ایسی حکومت کے فوائد حاصل ہوں جو سننے کے ساتھ ساتھ عمل بھی کرتی ہے۔”

مڈل کلاس ٹیکس کٹوتی سے متعلق مزید معلومات کیلئےCanada.ca وزٹ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں