کینیڈا کا سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ فضائی معاہدوں میں توسیع کا اعلان

اوٹاوا (غیرملکی ایجنسیاں)کینیڈا نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ فضائی آمد و رفت کے معاہدوں میں توسیع کر دی ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مسافر اور کارگو پروازوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

کینیڈین حکومت کے مطابق یہ نئے باہمی فضائی معاہدے 2025 کے اختتام پر طے پائے تھے اور اب نافذ العمل ہو چکے ہیں، جن کے تحت کینیڈین ایئرلائنز کو سعودی عرب اور یو اے ای کیلئے زیادہ پروازوں کی اجازت ملے گی جبکہ دونوں خلیجی ممالک کی ایئرلائنز بھی کینیڈا کیلئے مزید پروازیں چلانے کی مجاز ہوں گی۔

کینیڈا اور سعودی عرب کے فضائی معاہدے کے تحت دونوں ممالک کو ہفتہ وار 14 مسافر پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی، جو پہلے صرف 4 تھیں، جبکہ کارگو پروازوں کی تعداد لامحدود کر دی گئی ہے جو پہلے ہر ملک کیلئے3 تھی۔ معاہدے میں کارگو سروسز کیلئےففتھ فریڈم رائٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔

اسی طرح کینیڈا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی معاہدے کے تحت ہفتہ وار مسافر پروازوں کی تعداد 21 سے بڑھا کر 35 کر دی گئی ہے، جبکہ کارگو پروازوں کو بھی لامحدود کر دیا گیا ہے، جو پہلے 4 تھیں۔ اس معاہدے میں بھی کارگو سروسز کیلئےففتھ فریڈم رائٹس شامل ہیں۔

کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ یہ توسیعی معاہدے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے 17ویں ایئر سروسز نیگوشی ایشن ایونٹ (آئی کین 2025) کے دوران ہونیوالے مذاکرات کا نتیجہ ہیں۔

کینیڈا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ اسٹیون میک کنن نے کہا کہ ان معاہدوں سے مسافروں، کاروباری طبقے اور کینیڈین ورکرز کو فائدہ ہوگا مزید پروازوں اور مسابقت سے عالمی روابط مضبوط ہونگے اور سفر کے مزید سستے مواقع میسر آئینگے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای مشرقِ وسطیٰ میں کینیڈا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اور بڑی فضائی منڈیاں ہیں، جبکہ سعودی عرب خطے میں کینیڈا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ 2024 میں کینیڈا اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم تقریباً 4.1 ارب ڈالر رہا، جبکہ یو اے ای کے ساتھ تجارت 3.4 ارب ڈالر رہی۔

دبئی کی معروف ایئرلائن ایمریٹس کے ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹورنٹو سے دبئی اکانومی کلاس کا ریٹرن ٹکٹ تقریباً 2 ہزار ڈالر، بزنس کلاس 8 ہزار ڈالر جبکہ فرسٹ کلاس ٹکٹ کی قیمت 20 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔ ایمریٹس کی فرسٹ کلاس میں مسافروں کو لگژری سوئٹ، نجی لاؤنج، شوفیئر ڈرائیو اور دیگر اعلیٰ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔