کینیڈا کا مستقبل باخبر، باہمت اور باشعور نوجوانوں سے وابستہ ہے:اقرا خالد

مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی رکنِ پارلیمنٹ اقرا خالد نے یونیورسٹی آف ٹورنٹو مسی ساگا میں ینگ لبرلز کے طلبہ سے ملاقات کے دوران بدلتی ہوئی عالمی صورتِ حال اور قیادت کے نئے تقاضوں پر اظہارِ خیال کیا۔ اقرا خالد نے کہا کہ قیادت کے سفر میں بے چینی، خوف اور کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کا احساس ایسی چیزیں نہیں جن سے بچنا چاہیے، بلکہ یہی احساسات انسان کو ایک بہتر اور مضبوط لیڈر بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دنیا ایک نئے ورلڈ آرڈر کی جانب بڑھ رہی ہے، جہاں نوجوانوں کو بدلتے حالات کو سمجھتے ہوئے خود کو چیلنج کرنا ہوگا۔ اقرا خالد کے مطابق جب انسان غیر یقینی اور مشکل حالات کا سامنا کرتا ہے تو یہی مرحلہ اس کی شخصیت کو نکھارتا ہے اور اسے مستقبل کی قیادت کیلئےتیار کرتا ہے۔

اقرا خالد نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کا مستقبل باخبر، باہمت اور باشعور نوجوانوں سے وابستہ ہے، جو تبدیلی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اسے قبول کرنے کا حوصلہ رکھتے ہوں۔