مونٹریال (نامہ نگار/اے ایف پی/رائٹرز) — کینیڈین پولیس (آر سی ایم پی) نے صوبہ کیوبک کے علاقے سینٹ-برنارڈ-ڈی-لاکول کے قریب 16 افراد کو گرفتار کر لیا جو غیر قانونی طور پر کینیڈا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
آر سی ایم پی کے مطابق یہ افراد ایک 18 رکنی گروپ کا حصہ تھے، جن میں سے دو افراد اب بھی فرار ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ سرچ آپریشن جاری ہے اور شبہ ہے کہ وہ قریبی جنگلات میں چھپے ہوئے ہیں اور دوبارہ سرحد پار کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
پولیس نے بیان میں کہا کہ گرفتار افراد غیر قانونی طور پر کینیڈا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کیونکہ کیس پر تفتیش جاری ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کینیڈا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کی آمد پر پہلے ہی بحث جاری ہے اور حکومت سرحدی سیکیورٹی مزید سخت کرنے پر غور کر رہی ہے۔
آر سی ایم پی نے یاد دلایا کہ اگست میں اسٹینسٹڈ، کیوبک کے قریب ایک ٹرک سے 44 غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا گیا تھا جنہیں بغیر وینٹی لیشن کے تنگ جگہ میں بٹھایا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد انسانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔

