نئی دہلی(ایجنسیاں)بھارت میں غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی اور نامناسب سلوک کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والی سولو ٹریول کانٹینٹ کریئیٹر کلاڈیا فالینٹا دہلی ریلوے اسٹیشن پر ایک دھوکہ دہی کی کوشش سے بچ گئیں۔
کلاڈیا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ واقعہ صبح تقریباً 4:30 بجے پیش آیا، جب وہ وارانسی جانے کے لیے اسٹیشن پہنچی تھیں۔ ایک شخص ان کے پاس آیا اور دعویٰ کیا کہ ان کا ٹرین ٹکٹ جعلی ہے، اور انہیں اسٹیشن سے باہر ایک ’دفتر‘ لے جا کر نیا ٹکٹ خریدنے کا مشورہ دیا۔
کلاڈیا نے کہا کہ انہیں شک ہوا کہ اس شخص کا مقصد انہیں اصل ٹرین مس کروانا اور جعلی ٹکٹ فروخت کرنا تھا۔ انہوں نے صورتحال کو قابو میں رکھ کر اصل ٹرین میں بروقت سوار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔
کلاڈیا نے اپنی ویڈیو میں واضح کیا کہ وہ عام طور پر اس طرح کا ردعمل نہیں دیتیں، لیکن دہلی میں سفر کی حقیقی صورتحال دکھانے کے لیے اپنے ردعمل کو ریکارڈ کیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت میں غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ اس نوعیت کے تجربات سامنے آئے ہوں؛ اس سے قبل ایک کوریائی کانٹینٹ کریئیٹر نے بھی پرانی دہلی میں ایک بزرگ شخص کی جانب سے دھوکہ دینے کی کوشش کا ذکر کیا تھا۔

