وِنپیگ، مانٹوبا(نامہ نگار)کینیڈین مسلح افواج نے شمالی مانٹوبا کے گارڈن ہل فرسٹ نیشن سے 1,550 سے زائد افراد کو جنگلاتی آگ کے خطرے کے باعث محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ موسم کی بہتری سے فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے جبکہ ہزاروں افراد اب بھی انخلاء کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
کینیڈین فوج نے جمعہ کے روز مانٹوبا کے شمال میں واقع علاقے “گارڈن ہل فرسٹ نیشن” سے شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کیا تھا۔ CC-130 ہرکیولیس طیاروں کی مدد سے اتوار کی دوپہر تک 1,550 سے زائد افراد کو وِنپیگ منتقل کر دیا گیا۔ جوائنٹ آپریشنز کمانڈ کے کیپٹن وائٹ شورٹر کے مطابق اب وہاں مزید کسی شخص کو منتقل کیے جانے کا انتظار نہیں ہے، تاہم ایک طیارہ وِنپیگ میں ہنگامی صورتِ حال کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔
گارڈن ہل وِنپیگ سے 500 کلومیٹر شمال میں واقع ہے اور وہاں سڑک کے ذریعے رسائی ممکن نہیں۔ مانٹوبا نے گزشتہ ہفتے رواں سال دوسری بار صوبائی ایمرجنسی نافذ کی، کیونکہ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی۔
وزیر اعظم مارک کارنی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت فرسٹ نیشنز اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر آگ سے نمٹنے کے لیے کام کر رہی ہے اور مزید امداد کیلئےتیار ہے۔ انہوں نے مانٹوبا، سسکیچیوان اور اونٹاریو میں شدید آگ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فرنٹ لائن اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
تھامپسن جیسے قریبی شہروں میں اتوار کے روز موسم کی بہتری—جس میں ہلکی بارش، کم درجہ حرارت، اور ہوا میں نمی شامل تھی—نے فائر فائٹرز کو دفاعی اقدامات مضبوط کرنے میں مدد دی۔ اتوار کی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں ایک فضائی تصویر بھی شامل کی گئی جس میں ایک قریبی برفانی گاڑیوں کا شیلٹر اور بیت الخلا دکھایا گیا جو کم شدت کی آگ کے باوجود محفوظ رہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آگ سے نمٹنے کیلئے میکسیکو سے 20 فائر فائٹرز تھامپسن پہنچ رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا سے ایک حادثاتی مینجمنٹ ٹیم بدھ کو پہنچے گی۔
صوبائی حکام کے مطابق اب تک 12,000 سے زائد افراد اپنے گھروں سے نکالے جا چکے ہیں، جبکہ وِنپیگ کے بڑے کنونشن سینٹر کو مزید متاثرہ افراد کیلئےاستعمال کرنے کا منصوبہ ہے۔کینیڈین ریڈ کراس کے مطابق وہ وِنپیگ میں اجتماعی شیلٹرز کے قیام اور انتظام کی نگرانی کر رہی ہے۔
کینیڈا کی ایمرجنسی منیجمنٹ وزیر ایلیانور اولشیزوسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے مانٹوبا کی درخواست پر انسانی بنیادوں پر مزید عملے اور امداد کی منظوری دے دی ہے تاکہ ہنگامی انخلا اور رہائش کی سہولت دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صوبائی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اگر مزید مدد درکار ہوئی تو فوری اقدام کیا جائے گا۔

