اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی تجارت منیندر سدھو نے پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گلوبل افیئرز کینیڈا کے مطابق وزیر سدھو نے اسلام آباد میں عبادت کیلئے جمع شہریوں پر ہونے والے بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ کینیڈا اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں وزراء نے کینیڈا اور پاکستان کے درمیان حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا، جس میں کینیڈین کینولا کی پاکستان برآمد میں سہولت دینے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ اس معاہدے کے تحت کینیڈا سے کینولا کی پہلی کھیپ 12 جنوری 2026ء کو کراچی بندرگاہ پہنچی تھی۔
وزیر سدھو نے زراعت، صاف توانائی اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں کینیڈین کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے اور پاکستان کے ساتھ تجارت کو متنوع بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے روایتی شعبوں سے ہٹ کر تجارت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ٹیکسٹائل اور ملبوسات سمیت دیگر شعبوں میں برآمدی برتری حاصل ہے۔
کینیڈین وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے کے لیے مذاکرات کے دوسرے دور کے انعقاد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

