گانچھے، گلگت بلتستان (خصوصی رپورٹ) ضلع گانچھے کے دور افتادہ علاقے امیرآباد چھوربٹ سے تعلق رکھنے والی طالبات نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔
قائدِ ملت پبلک اسکول امیرآباد کی طالبہ حرا فرمان (کلاس ہفتم) نے American Mathematics Olympiad 2025 میں عالمی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ اسی اسکول کی طالبہ معصومہ ابراہیم (کلاس پنجم) نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

سیاچن کے قریب واقع پہاڑی اور دشوار گزار علاقے سے تعلق رکھنے والی ان طالبات کی یہ کامیابی نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے کی بیٹیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور وہ عالمی سطح پر مسابقت کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔
مقامی سماجی و تعلیمی شخصیات نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کو سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری سرپرستی اور معاونت دی جائے تاکہ باصلاحیت طالبات مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

