گلاسگو (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے قونصل جنرل ثمر جاوید نے اسکاٹ لینڈ میں جمہوریہ عراق کے نومنتخب قونصل جنرل اوس ایاد ابراہیم سے خیرسگالی ملاقات کی۔
گلاسگو میں پاکستانی اور عراقی کمیونٹیز کی بڑی تعداد کی موجودگی کے پیش نظر شہر میں عراقی قونصل خانے کا قیام دونوں ممالک کی جانب سے اپنی کمیونٹیز کو سہولیات کی فراہمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ گلاسگو میں یہ دوسرا قونصل خانہ ہے جو اس عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ملاقات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جو پاکستان اور عراق کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس تھی۔ دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور اسکاٹ لینڈ میں مقیم اپنی اپنی کمیونٹیز سے روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

